زبور 107‏:1‏-‏43

  • خدا کے حیران‌کُن کاموں کے لیے اُس کا شکر کرو

    • ‏”‏وہ اُنہیں صحیح راستے پر لے گیا“‏ ‏(‏7‏)‏

    • اُس نے اُن کی بھوک اور پیاس مٹائی ‏(‏9‏)‏

    • ‏”‏اُس نے اُنہیں گہری تاریکی سے نکالا“‏ ‏(‏14‏)‏

    • ‏”‏وہ حکم دیتا اور اُنہیں شفا ملتی“‏ ‏(‏20‏)‏

    • ‏”‏وہ غریبوں کو ظلم سے بچاتا ہے“‏ ‏(‏41‏)‏

107  یہوواہ کا شکر کرو کیونکہ وہ اچھا ہے؛‏اُس کی اٹوٹ محبت ہمیشہ قائم رہتی ہے۔‏  2  یہ وہ لوگ کہیں جنہیں یہوواہ نے چھڑایا ہے،‏*ہاں، وہ لوگ جنہیں اُس نے مخالف کے ہاتھ سے چھڑایا ہے؛‏  3  جنہیں اُس نے فرق فرق ملکوں سے اِکٹھا کِیا ہے،‏مشرق سے اور مغرب سے،‏*شمال سے اور جنوب سے۔‏  4  وہ ویرانے اور ریگستان میں بھٹکتے رہے؛‏اُنہیں کسی ایسے شہر کا راستہ نہ ملا جہاں وہ بس سکیں۔‏  5  وہ بھوکے پیاسے تھے؛‏وہ*‏ تھکاوٹ سے نڈھال تھے۔‏  6  وہ پریشانی کی حالت میں یہوواہ کو پکارتے رہے؛‏اُس نے اُنہیں مصیبت سے نکالا۔‏  7  وہ اُنہیں صحیح راستے پر لے گیاتاکہ وہ اُس شہر میں پہنچ جائیں جہاں وہ بس سکیں۔‏  8  لوگ یہوواہ کی اٹوٹ محبت کے لیے اُس کا شکر کریںاور اُن شان‌دار کاموں کے لیے بھی جو اُس نے اِنسان کے بیٹوں کے لیے کیے ہیں  9  کیونکہ اُس نے پیاسے لوگوں*‏ کی پیاس بجھائیاور بھوکے لوگوں*‏ کو اچھی چیزوں سے سیر کِیا۔‏ 10  کچھ لوگ گہری تاریکی میں رہ رہے تھے؛‏قیدی لوہے کی زنجیروں میں جکڑے تکلیف سہہ رہے تھے 11  کیونکہ وہ خدا کے کلام کے خلاف گئے؛‏اُنہوں نے خدا تعالیٰ کی مرضی کو حقیر جانا۔‏ 12  اِس لیے اُس نے تکلیفوں کے ذریعے اُن کے دلوں کو خاکسار بنایا؛‏وہ ٹھوکر کھا کر گِر پڑے اور اُن کی مدد کرنے والا کوئی نہیں تھا۔‏ 13  اُنہوں نے پریشانی کی حالت میں یہوواہ کو پکارا؛‏اُس نے اُنہیں مصیبت سے نکالا۔‏ 14  اُس نے اُنہیں گہری تاریکی سے نکالااور اُن کی بیڑیاں توڑ دیں۔‏ 15  لوگ یہوواہ کی اٹوٹ محبت کے لیے اُس کا شکر کریںاور اُن شان‌دار کاموں کے لیے بھی جو اُس نے اِنسان کے بیٹوں کے لیے کیے ہیں 16  کیونکہ اُس نے تانبے کے دروازے توڑ دیےاور لوہے کے کُنڈوں کے ٹکڑے ٹکڑے کر دیے۔‏ 17  اُن بے‌وقوفوں نے اپنے گُناہوں اور غلطیوں کی وجہ سے تکلیف اُٹھائی۔‏ 18  اُن کی بھوک مر گئی؛‏*وہ موت کے دروازے تک پہنچ گئے۔‏ 19  وہ پریشانی کی حالت میں یہوواہ کو پکارتےاور وہ اُنہیں مصیبت سے نکالتا۔‏ 20  وہ حکم دیتا اور اُنہیں شفا ملتی؛‏وہ اُنہیں اُن گڑھوں سے نکالتا جن میں وہ پھنسے ہوتے۔‏ 21  لوگ یہوواہ کی اٹوٹ محبت کے لیے اُس کا شکر کریںاور اُن شان‌دار کاموں کے لیے بھی جو اُس نے اِنسان کے بیٹوں کے لیے کیے ہیں۔‏ 22  وہ شکرگزاری کی قربانیاں پیش کریںاور خوشی سے للکارتے ہوئے اُس کے کاموں کا اِعلان کریں۔‏ 23  جو سمندر میں جہازوں پر سفر کرتے ہیںاور کاروبار کرنے کے لیے بڑے بڑے سمندروں سے گزرتے ہیں،‏ 24  اُنہوں نے یہوواہ کے کام دیکھے ہیں،‏ہاں، گہرے پانیوں میں اُس کے حیران‌کُن کام دیکھے ہیں 25  کہ کیسے اُس کے حکم سے طوفانی ہوا چلتی ہےاور سمندر کی لہروں کو اُچھالتی ہے۔‏ 26  وہ ملاحوں کو آسمان تک اُٹھاتی ہیںاور پھر سمندر کی گہرائیوں میں ڈبو دیتی ہیں۔‏ خود کو خطرے میں دیکھ کر اُن کی ہمت*‏ جواب دے جاتی ہے۔‏ 27  وہ کسی شرابی کی طرح لڑکھڑاتے اور گِرتے پڑتے ہیں؛‏اُن کی ساری مہارتیں بے‌کار ہو جاتی ہیں۔‏ 28  پھر وہ پریشانی کی حالت میں یہوواہ کو پکارتے ہیںاور وہ اُنہیں مصیبت سے نکالتا ہے۔‏ 29  وہ طوفانی ہوا کو روک دیتا ہے؛‏سمندر کی لہریں خاموش ہو جاتی ہیں۔‏ 30  لہروں کو ساکن دیکھ کر ملاح خوش ہو جاتے ہیںاور خدا اُنہیں اُس بندرگاہ تک لے جاتا ہے جہاں وہ جانا چاہتے ہیں۔‏ 31  لوگ یہوواہ کی اٹوٹ محبت کے لیے اُس کا شکر کریںاور اُن شان‌دار کاموں کے لیے بھی جو اُس نے اِنسان کے بیٹوں کے لیے کیے ہیں۔‏ 32  وہ لوگوں کی جماعت میں اُس کی تعظیم کریںاور بزرگوں کی مجلس*‏ میں اُس کی بڑائی۔‏ 33  وہ دریاؤں کو ریگستان بنا دیتا ہےاور پانی کے چشموں کو سُوکھی زمین؛‏ 34  وہ زرخیز زمین کو بنجر*‏ کر دیتا ہےکیونکہ وہاں بسنے والے لوگ بُرے کام کرتے ہیں۔‏ 35  وہ ریگستان کو پانی کے تالاب*‏ بنا دیتا ہےاور خشک زمین میں پانی کے چشمے بہا دیتا ہے۔‏ 36  وہ بھوکے لوگوں کو وہاں بساتا ہےتاکہ وہ شہر بنا کر اُس میں رہ سکیں۔‏ 37  وہ کھیت میں بیج بوتے ہیں اور انگور کے باغ لگاتے ہیںجن کی پیداوار اچھی ہوتی ہے۔‏ 38  وہ اُنہیں برکت دیتا ہے اور وہ پھلتے پھولتے جاتے ہیں؛‏وہ اُن کے مویشی کم نہیں ہونے دیتا۔‏ 39  مگر ظلم، مصیبت اور دُکھ کی وجہ سےاُن کی تعداد دوبارہ کم ہو جاتی ہے اور وہ بے‌عزت ہوتے ہیں۔‏ 40  وہ نوابوں پر ذِلت اُنڈیلتا ہےاور اُنہیں ایسے ویرانوں میں بھٹکاتا ہے جہاں کوئی راستے نہیں۔‏ 41  لیکن وہ غریبوں کو ظلم سے بچاتا ہے*اور اُن کے خاندانوں کو بھیڑ بکریوں کی طرح بڑھاتا ہے۔‏ 42  یہ دیکھ کر سیدھی راہ پر چلنے والے لوگ خوش ہوتے ہیںجبکہ تمام بُرے لوگوں کے مُنہ بند ہو جاتے ہیں۔‏ 43  جو کوئی دانش‌مند ہے، وہ اِن باتوں پر غور کرے گااور یہوواہ کے اُن کاموں پر گہرائی سے سوچ بچار کرے گا جو اُس نے اٹوٹ محبت کی وجہ سے کیے ہیں۔‏

فٹ‌ نوٹس

یا ”‏واپس خریدا ہے،“‏
یا ”‏سورج نکلنے سے اور ڈوبنے سے،“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏اُن کی جان“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏پیاسی جانوں“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏بھوکی جانوں“‏
یا ”‏اُن کی جان ہر طرح کے کھانے سے نفرت کرنے لگی؛“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏جان“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏بیٹھک“‏
یا ”‏سیم‌زدہ“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏سرکنڈوں والے تالاب“‏
یا ”‏اُونچی جگہ بٹھاتا ہے۔“‏ یعنی پہنچ سے باہر