چھٹا اُصول—دل سے معاف کریں
چھٹا اُصول—دل سے معاف کریں
”اگر کسی کو دوسرے کی شکایت ہو تو ایک دوسرے کی برداشت کرے اور ایک دوسرے کے قصور معاف کرے۔“—کلسیوں ۳:۱۳۔
اِس اُصول کی وضاحت۔ خوشگوار گھریلو زندگی گزرانے والے شوہر اور بیوی ماضی کی غلطیوں سے سیکھتے ہیں۔ لیکن وہ اِن غلطیوں کا حساب نہیں رکھتے۔ وہ اِن غلطیوں کی وجہ سے اپنے ساتھی پر الزام نہیں لگاتے۔ مثال کے طور پر، اگر شوہر کو ماضی میں ایک یا دو مرتبہ اپنے کام سے آنے میں دیر ہو گئی ہے تو بیوی اُس پر یہ الزام نہیں لگائے گی کہ ”آپ تو ہمیشہ دیر سے آتے ہیں“ یاپھر بیوی سے اپنے شوہر کی بات سننے میں کبھی کوئی کوتاہی ہو گئی ہے تو شوہر اُس پر یہ الزام نہیں لگائے گا کہ ”تم تو کبھی میری بات سنتی ہی نہیں۔“ کامیاب جیونساتھی الزامات لگانے کی بجائے یہ سمجھتے ہیں کہ ’خطا سے درگذر کرنے میں اُن کی شان ہے۔‘—امثال ۱۹:۱۱۔
اِس اُصول کی اہمیت۔ خدا ”معاف کرنے کو تیار“ رہتا ہے مگر انسان اکثر ایسا نہیں کرتے۔ (زبور ۸۶:۵) جب ماضی کی غلطیوں کو دُرست نہ کِیا جائے تو ناراضگی اِس حد تک بڑھ جاتی ہے کہ معاف کرنا مشکل لگنے لگتا ہے۔ یوں شوہر اور بیوی ایک دوسرے کے سامنے اپنے جذبات کا اظہار کرنا بند کر دیتے ہیں۔ اُنہیں ایک دوسرے کے احساسات کی کوئی فکر نہیں رہتی۔ وہ اپنے ازدواجی بندھن میں گھٹن سی محسوس کرنے لگتے ہیں۔
مشق۔ اپنی شادی سے پہلے کی تصویریں دیکھیں۔ مسائل پیدا ہونے سے پہلے آپ اپنے جیونساتھی کے لئے جیسی محبت رکھتے تھے اُسے یاد کریں اور اُسے بڑھائیں۔ اُن خوبیوں کے بارے میں سوچیں جن کی بِنا پر آپ نے اپنے ساتھی کو پسند کِیا تھا اور اُس سے شادی کی تھی۔
▪ آپ کو اب اپنے جیونساتھی کی کونسی خوبیاں پسند ہیں؟
▪ اگر آپ دل سے معاف کرتے ہیں تو اِس سے آپ کے بچوں کو کیا فائدہ ہوگا؟
اِس اُصول پر عمل کریں۔ ایسے چند طریقوں کے بارے میں سوچیں جن سے آپ موجودہ اختلافات میں ماضی کی غلطیوں کا ذکر کرنے سے گریز کر سکتے ہیں۔
اپنے ساتھی کی خوبیوں کو سراہیں۔—امثال ۳۱:۲۸، ۲۹۔
ایسے طریقوں کے بارے میں سوچیں جن سے آپ اپنے بچوں پر یہ ظاہر کر سکتے ہیں کہ آپ نے اُنہیں معاف کر دیا ہے۔
اپنے بچوں پر معافی مانگنے کی اہمیت واضح کریں۔ اُنہیں سمجھائیں کہ خاندان کے ہر فرد کے لئے معاف کرنے کی خوبی پیدا کرنا کتنا فائدہمند ہے۔
[صفحہ ۸ پر تصویر]
جیسے قرض معاف کرنے کے بعد دوبارہ وصول نہیں کِیا جاتا ویسے ہی غلطی معاف کرنے کے بعد یاد نہیں دلائی جاتی