سرِورق کا موضوع : گھر کی فضا کو پُرامن بنائیں
گھریلو زندگی کو پُرامن کیسے بنایا جا سکتا ہے؟
آپ کے خیال میں کیا ہم پاک کلام کی مدد سے اپنی گھریلو زندگی کو پُرامن بنا سکتے ہیں؟ اِس مضمون میں پاک کلام سے کچھ مشورے دیے گئے ہیں اور بتایا گیا ہے کہ کچھ لوگوں نے اپنے گھر کے ماحول کو خوشگوار بنانے کے لیے کیا کِیا ہے۔ دیکھیں کہ آپ اِن باتوں پر کیسے عمل کر سکتے ہیں تاکہ آپ کے گھر میں لڑائی جھگڑے نہ ہوں، گھر کا ماحول پُرامن رہے اور آپس کے رشتے مضبوط ہوں۔
پاک کلام سے کچھ مشورے
دوسروں کو اپنے سے زیادہ اہم سمجھیں۔
”جھگڑالو اور اناپرست نہ ہوں بلکہ خاکسار ہوں اور دوسروں کو اپنے سے بڑا سمجھیں۔ صرف اپنے فائدے کا ہی نہیں بلکہ دوسروں کے فائدے کا بھی سوچیں۔“—فِلپّیوں 2:3، 4، نیو ورلڈ ٹرانسلیشن۔
”ہم نے دیکھا ہے کہ اگر میاں بیوی اپنے جیون ساتھی کو خود سے اور دوسروں سے زیادہ اہم سمجھتے ہیں تو اُن کے تعلقات خوشگوار رہتے ہیں۔“—19 سال سے شادیشُدہ ایک عورت۔
کُھلے دل سے سنیں۔
”تکراری نہ ہوں بلکہ نرممزاج ہوں اور سب آدمیوں کے ساتھ کمال حلیمی سے پیش آئیں۔“—طِطُس 3:1، 2۔
”جب ہم اپنے جیون ساتھی کو غصے سے جواب دینے سے گریز کرتے ہیں تو ہمارے درمیان تناؤ کافی کم ہو جاتا ہے۔ یہ بہت اہم ہے کہ جیون ساتھی کی بات کُھلے دل سے سنی جائے اور اُس کے نظریے کا احترام کِیا جائے، چاہے ہم اُس کی بات سے متفق نہ بھی ہوں۔“—20 سال سے شادیشُدہ ایک عورت۔
صبروتحمل سے کام لیں۔
”تحمل کرنے سے حاکم راضی ہو جاتا ہے اور نرم زبان ہڈی کو بھی توڑ ڈالتی ہے۔“—امثال 25:15۔
”اِختلافات تو ہوں گے لیکن وہ کیسا رُخ اِختیار کریں گے، یہ اِس بات پر منحصر ہے کہ ہم کیسا ردِعمل ظاہر کرتے ہیں۔ ہمیں صبروتحمل سے کام لینا چاہیے۔ جب ہم ایسا کرتے ہیں تو بہت سے مسئلے حل ہو جاتے ہیں۔“—27 سال سے شادیشُدہ ایک عورت۔
غصے پر قابو رکھیں۔
”تُم بھی اِن سب کو یعنی غصہ اور قہر اور بدخواہی اور بدگوئی اور مُنہ سے گالی بکنا چھوڑ دو۔“—کُلسّیوں 3:8۔
”مَیں اپنے شوہر کو داد دیتی ہوں کہ وہ اپنے غصے پر قابو رکھتے ہیں۔ وہ ہمیشہ پُرسکون رہتے ہیں۔ وہ مجھ پر نہ تو کبھی چیختے چلّاتے ہیں اور نہ ہی میری بےعزتی کرتے ہیں۔“—20 سال سے شادیشُدہ ایک عورت۔
معاف کرنے کو تیار رہیں اور معاملے کو جلد از جلد حل کریں۔
”اگر کسی کو دوسرے کی شکایت ہو تو ایک دوسرے کی برداشت کرے اور ایک دوسرے کے قصور معاف کرے۔“—کُلسّیوں 3:13۔
”جب ہم ذہنی دباؤ کا شکار ہوتے ہیں تو غصے پر قابو رکھنا آسان نہیں ہوتا۔ شاید ہم کوئی ایسی بات کہہ دیں یا کوئی ایسا کام کر دیں جس سے ہمارے جیون ساتھی کو دُکھ پہنچے۔ جب ایسا ہوتا ہے تو ہمیں ایک دوسرے کو معاف کر دینا چاہیے۔ اگر ہم ایک دوسرے کو معاف نہیں کرتے تو گھریلو زندگی کبھی خوشگوار نہیں ہو سکتی۔“—34 سال سے شادیشُدہ ایک عورت۔
ایک دوسرے کی خوشی کا خیال رکھیں۔
”دیا کرو۔ تمہیں بھی دیا جائے گا۔ . . . کیونکہ جس پیمانہ سے تُم ناپتے ہو اُسی سے تمہارے لئے ناپا جائے گا۔“—لُوقا 6:38۔
”میرے شوہر کو پتہ ہے کہ مجھے کون سی باتیں اچھی لگتی ہیں۔ اِس لیے وہ میرے لیے ہمیشہ کچھ نہ کچھ ایسا کرتے رہتے ہیں جس سے مجھے خوشی ملے۔ اِس پر مَیں اکثر سوچتی ہوں کہ مَیں اُن کے لیے کیا کر سکتی ہوں۔ اِس لیے ہم ہمیشہ خوش رہتے ہیں۔“—44 سال سے شادیشُدہ ایک عورت۔
گھر کے ماحول کو پُرامن بنانے کی کوشش کرتے رہیں۔
جاگو! کے ناشرین نے صرف کچھ لوگوں کا اِنٹرویو کِیا ہے لیکن دُنیا بھر میں لاکھوں ایسے لوگ ہیں جنہوں نے پاک کلام کی مدد سے اپنے اندر ایسی خوبیاں پیدا کی ہیں جن کے ذریعے اُن کے گھر کا ماحول زیادہ پُرامن ہو گیا ہے۔ * اُنہوں نے دیکھا ہے کہ جب خاندان کے کچھ افراد گھریلو ماحول کو خوشگوار رکھنے کی کوشش نہیں کرتے تب بھی صلحپسند ہونے کے اچھے نتائج نکل سکتے ہیں۔ پاک کلام میں لکھا ہے: ”صلح کی مشورت دینے والوں کے لئے خوشی ہے۔“—امثال 12:20۔
^ پیراگراف 24 گھریلو زندگی کو خوشگوار بنانے کے سلسلے میں مزید معلومات کے لیے کتاب پاک صحائف کی تعلیم حاصل کریں کے باب نمبر 14 کو دیکھیں۔ (یہ کتاب یہوواہ کے گواہوں نے شائع کی ہے۔) آپ اِسے اِس ویبسائٹ سے ڈاؤنلوڈ کر سکتے ہیں: www.ps8318.com