مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

کیا آپ الیشع کی طرح آتشی رتھ دیکھ سکتے ہیں؟‏

کیا آپ الیشع کی طرح آتشی رتھ دیکھ سکتے ہیں؟‏

ارام کا بادشاہ خدا کے نبی اِلیشع کو گِرفتار کرنا چاہتا تھا۔‏ اُسے خبر ملی کہ اِلیشع شہر دوتین میں ہیں۔‏ یہ شہر ایک پہاڑی پر واقع تھا اور اُس کے چاروں طرف دیوار تھی۔‏ بادشاہ نے اپنی فوج کو گھوڑوں اور رتھوں کے ساتھ شہر دوتین روانہ کر دیا اور فوج نے راتوں رات آ کر شہر کو گھیر لیا۔‏—‏۲-‏سلا ۶:‏۱۳،‏ ۱۴‏۔‏

جب اِلیشع کا خادم صبح کو اُٹھ کر گھر سے باہر آیا تو وہ اِتنی بڑی فوج دیکھ کر ڈر گیا۔‏ اُس نے اِلیشع سے کہا:‏ ”‏ہائے اَے میرے مالک!‏ ہم کیا کریں؟‏“‏ اِلیشع نے اُس سے کہا:‏ ”‏خوف نہ کر کیونکہ ہمارے ساتھ والے اُن کے ساتھ والوں سے زیادہ ہیں۔‏“‏ پھر اِلیشع نے دُعا کی اور کہا:‏ ”‏اَے [‏یہوواہ]‏ اُس کی آنکھیں کھول دے تاکہ وہ دیکھ سکے۔‏“‏ یہوواہ خدا نے ”‏اُس جوان کی آنکھیں کھول دیں اور اُس نے جو نگاہ کی تو دیکھا کہ اِلیشعؔ کے گِرداگِرد کا پہاڑ آتشی گھوڑوں اور رتھوں سے بھرا ہے۔‏“‏ (‏۲-‏سلا ۶:‏۱۵-‏۱۷‏)‏ ہم اِس واقعے سے اور اِلیشع کی زندگی کے دیگر واقعات سے کیا سیکھتے ہیں؟‏

اِلیشع کو اِتنی بڑی فوج سے ڈر کیوں نہیں لگا تھا؟‏ اِس لئے کہ وہ یہوواہ خدا پر بھروسا کرتے تھے۔‏ اُنہیں یقین تھا کہ یہوواہ خدا اُن کی حفاظت کرے گا۔‏ آج ہم یہ توقع تو نہیں کرتے کہ یہوواہ خدا ہمیں کسی مصیبت سے بچانے کے لئے کوئی معجزہ کرے لیکن ہم یہ ضرور مانتے ہیں کہ وہ ایک گروہ کے طور پر اپنے لوگوں کی حفاظت کر رہا ہے۔‏ مجازی معنوں میں ہمارے اِردگِرد بھی یہوواہ خدا کے آتشی گھوڑے اور رتھ ہیں۔‏ اگر ہم ایمان کی آنکھوں سے اِنہیں دیکھیں اور ہمیشہ خدا پر بھروسا رکھیں تو ہم مطمئن اور محفوظ رہیں گے۔‏ اِس کے علاوہ ہم یہوواہ خدا کی برکتوں سے لطف اُٹھائیں گے۔‏ (‏زبور ۴:‏۸‏)‏ آئیں،‏ دیکھیں کہ اِلیشع کی زندگی کے دیگر واقعات پر غور کرنے سے ہمیں کیا فائدہ ہوتا ہے۔‏

اِلیشع خوشی سے ایلیاہ نبی کے خادم بنے

ایک مرتبہ جب اِلیشع اپنے کھیت میں ہل چلا رہے تھے تو ایلیاہ نبی اُن کے پاس آئے اور اپنی چادر اُن پر ڈال دی۔‏ اِلیشع سمجھ گئے کہ ایلیاہ نبی اُنہیں اپنا خادم بنانا چاہتے ہیں۔‏ وہ اپنے ماں‌باپ سے ملے؛‏ دوستوں کے ساتھ کھانا کھایا اور ایلیاہ کے پاس چلے گئے۔‏ (‏۱-‏سلا ۱۹:‏۱۶،‏ ۱۹-‏۲۱‏)‏ چونکہ اِلیشع دل‌وجان سے یہوواہ خدا کی خدمت کرنے کے لئے تیار ہو گئے تھے اِس لئے خدا نے اُن سے بہت سارے کام لئے یہاں تک کہ اُنہیں ایلیاہ کی جگہ نبی مقرر کِیا گیا۔‏

اِلیشع نے تقریباً چھ سال تک ایلیاہ کی خدمت کی۔‏ اِس عرصے کے دوران وہ ’‏ایلیاہ کے ہاتھوں پر پانی ڈالتے تھے۔‏‘‏ (‏۲-‏سلا ۳:‏۱۱‏)‏ اُس زمانے میں لوگ چھری کانٹے کی بجائے ہاتھوں سے کھانا کھاتے تھے اور خادم کی ذمےداری ہوتی تھی کہ وہ کھانے کے بعد اپنے مالک کے ہاتھ دُھلوائے۔‏ لہٰذا اِلیشع کچھ ادنیٰ کام بھی کرتے تھے۔‏ لیکن اُن کی نظر میں یہ بڑے فخر کی بات تھی کہ وہ ایلیاہ نبی کے خادم ہیں۔‏

اِلیشع کی طرح آج‌کل بہت سے مسیحی کُل‌وقتی خدمت اِختیار کرتے ہیں۔‏ اِس کی وجہ یہ ہے کہ وہ یہوواہ خدا پر ایمان رکھتے ہیں اور اُس کی زیادہ سے زیادہ خدمت کرنا چاہتے ہیں۔‏ مثال کے طور پر بعض مسیحی اپنا گھربار چھوڑ کر بیت‌ایل میں خدمت کرتے ہیں یا پھر ہماری عبادت‌گاہیں تعمیر کرتے ہیں۔‏ وہ کچھ ایسے کام کرتے ہیں جنہیں بعض لوگ ادنیٰ خیال کرتے ہیں۔‏ لیکن ہم میں سے کسی کو بھی اِن کاموں کو ادنیٰ سمجھنا چاہئے کیونکہ یہوواہ خدا اِن کی بڑی قدر کرتا ہے۔‏—‏عبر ۶:‏۱۰‏۔‏

اِلیشع نے ایلیاہ کا ساتھ نہ چھوڑا

یہوواہ خدا نے ”‏ایلیاؔہ کو بگولے میں آسمان پر اُٹھا لینے“‏ سے پہلے اُنہیں شہر جلجال سے شہر بیت‌ایل کو بھیجا۔‏ ایلیاہ نے اِلیشع کو اپنے ساتھ آنے سے منع کِیا۔‏ مگر اِلیشع نے کہا کہ وہ ایلیاہ کو چھوڑ کر نہیں جائیں گے۔‏ راستے میں ایلیاہ نے دو بار اِلیشع کو واپس جانے کو کہا۔‏ مگر اِلیشع اُنہیں چھوڑ کر جانے کو بالکل تیار نہیں تھے۔‏ (‏۲-‏سلا ۲:‏۱-‏۶‏)‏ جس طرح روت نے نعومی کا ساتھ نہیں چھوڑا تھا اُسی طرح اِلیشع نے ایلیاہ کا ساتھ نہ چھوڑا۔‏ (‏روت ۱:‏۸،‏ ۱۶،‏ ۱۷‏)‏ اِلیشع جانتے تھے کہ ایلیاہ کی خدمت کرنا ایک بڑا اعزاز ہے جو اُنہیں یہوواہ خدا نے بخشا ہے۔‏

اِلیشع نے ہمارے لئے بہت اچھی مثال قائم کی۔‏ جب ہمیں کوئی ذمےداری سونپی جاتی ہے تو ہمیں یاد رکھنا چاہئے کہ ہم جو کچھ بھی کر رہے ہیں،‏ وہ خدا کے لئے کر رہے ہیں۔‏ یوں ہم اِس ذمےداری کو پوری لگن سے نبھائیں گے۔‏ واقعی خدا کی خدمت کرنے سے بڑا اعزاز اَور کوئی نہیں ہو سکتا۔‏—‏زبور ۶۵:‏۴؛‏ ۸۴:‏۱۰‏۔‏

‏”‏بتا کہ مَیں تیرے لئے کیا کروں“‏

سفر کے دوران ایلیاہ نے اِلیشع سے پوچھا:‏ ”‏اِس سے پیشتر کہ مَیں تجھ سے لے لیا جاؤں بتا کہ مَیں تیرے لئے کیا کروں۔‏“‏ جس طرح سلیمان بادشاہ نے خدا سے حکمت مانگی تاکہ وہ اُس کی قوم کی اچھی طرح رہنمائی کر سکیں اُسی طرح اِلیشع نے ’‏ایلیاہ کی روح کا دُونا حصہ‘‏ مانگا تاکہ وہ خدا کی خدمت اَور اچھی طرح کر سکیں۔‏ (‏۱-‏سلا ۳:‏۵،‏ ۹؛‏ ۲-‏سلا ۲:‏۹‏)‏ بنی‌اِسرائیل کے دستور کے مطابق پہلوٹھے بیٹے کو جائیداد میں دُگنا حصہ ملتا تھا۔‏ (‏است ۲۱:‏۱۵-‏۱۷‏)‏ اِس لحاظ سے اِلیشع کی درخواست کا مطلب یہ تھا کہ اُنہیں ایلیاہ کا وارث مقرر کِیا جائے یعنی اُنہیں ایلیاہ کے بعد نبی مقرر کِیا جائے۔‏ اِس کے علاوہ وہ یہ بھی چاہتے تھے کہ اُنہیں ایلیاہ جیسی دلیری ملے کیونکہ ایلیاہ ”‏خدا کے لئے بڑی غیرت“‏ رکھتے تھے۔‏—‏۱-‏سلا ۱۹:‏۱۳،‏ ۱۴‏۔‏

ایلیاہ نے اِلیشع کی درخواست کا کیا جواب دیا؟‏ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏تُو نے مشکل سوال کِیا تَو بھی اگر تُو مجھے اپنے سے جُدا ہوتے دیکھے تو تیرے لئے ایسا ہی ہوگا اور اگر نہیں تو ایسا نہ ہوگا۔‏“‏ (‏۲-‏سلا ۲:‏۱۰‏)‏ ایلیاہ کے اِس جواب سے دو باتیں ظاہر ہوتی ہیں۔‏ پہلی یہ کہ اِلیشع کی مراد پوری کرنا یہوواہ خدا کے ہاتھ میں ہے۔‏ دوسری یہ کہ اگر اِلیشع چاہتے ہیں کہ اُن کی درخواست پوری ہو تو اُنہیں ہر حال میں ایلیاہ کے ساتھ رہنا ہوگا۔‏

ایک ناقابلِ‌فراموش منظر

کیا یہوواہ خدا نے اِلیشع کی درخواست قبول کی؟‏ بائبل میں بتایا گیا ہے کہ ایلیاہ اور اِلیشع ”‏آگے چلتے اور باتیں کرتے جاتے تھے کہ دیکھو ایک آتشی رتھ اور آتشی گھوڑوں نے اُن دونوں کو جُدا کر دیا اور ایلیاؔہ بگولے میں آسمان پر چلا گیا۔‏“‏ اِلیشع نے یہ سارا منظر اپنی آنکھوں سے دیکھا۔‏ *اِس کا مطلب ہے کہ یہوواہ خدا نے اُن کی درخواست قبول کر لی تھی۔‏ اِلیشع کو ’‏ایلیاہ کی روح کا دُونا حصہ‘‏ ملا اور وہ ایلیاہ کی جگہ نبی مقرر ہوئے۔‏—‏۲-‏سلا ۲:‏۱۱-‏۱۴‏۔‏

اِلیشع نے وہ چادر اُٹھا کر اوڑھ لی جو ایلیاہ پر سے گِر گئی تھی۔‏ یہ اِس بات کی نشانی تھی کہ خدا نے اِلیشع کو نبی مقرر کر دیا ہے۔‏ پھر جب اِلیشع نے دریائےیردن کے پانی کو دو حصوں میں تقسیم کِیا تو اِس سے بھی ثابت ہو گیا کہ اب وہ خدا کے نبی ہیں۔‏

اِلیشع نے ایلیاہ کو بگولے میں اُٹھائے جانے کا جو منظر دیکھا،‏ اُس کا اُن پر گہرا اثر ہوا ہوگا۔‏ آتشی گھوڑوں اور آتشی رتھ کا منظر بھلا کسی کے ذہن سے کیسے مٹ سکتا ہے۔‏ یہ سب کچھ دیکھ کر اِلیشع کو یقین ہو گیا تھا کہ جو اُنہوں نے مانگا تھا،‏ وہ اُنہیں مل گیا ہے۔‏ آج‌کل جب خدا ہماری دُعاؤں کا جواب دیتا ہے تو وہ ہمیں آتشی گھوڑوں اور رتھوں کی رویا نہیں دِکھاتا۔‏ مگر ہم یہ ضرور دیکھ سکتے ہیں کہ وہ ہماری مدد کرنے کے لئے اپنی طاقت اِستعمال کر رہا ہے۔‏ اِس کے علاوہ جب ہم یہوواہ خدا کی زمینی تنظیم کو دن‌بہ‌دن ترقی کرتے ہوئے دیکھتے ہیں تو گویا ہم اُس کے آسمانی رتھ یعنی آسمانی تنظیم کو آگے بڑھتے ہوئے دیکھتے ہیں۔‏—‏حز ۱۰:‏۹-‏۱۳‏۔‏

اِلیشع کی زندگی میں بہت سے ایسے واقعات ہوئے جن پر غور کرنے سے اُنہیں یقین ہو گیا کہ یہوواہ خدا لازوال قوت کا مالک ہے۔‏ اُنہوں نے خدا کی طاقت سے ایلیاہ نبی سے دُگنے معجزے کئے یعنی ۱۶ معجزے۔‏ *اِلیشع نے دوسری بار آتشی رتھ اور آتشی گھوڑے تب دیکھے جب ارام کی فوج نے شہر دوتین کو گھیرا ہوا تھا۔‏

یہوواہ خدا پر مضبوط ایمان

اِلیشع دُشمنوں سے گِھرے ہونے کے باوجود کیوں نہ گھبرائے؟‏ کیونکہ وہ یہوواہ خدا پر مضبوط ایمان رکھتے تھے۔‏ ہمیں بھی خدا پر ایسا ایمان رکھنے کی ضرورت ہے۔‏ لہٰذا آئیں،‏ یہوواہ خدا سے پاک روح مانگیں کیونکہ اِس کے ذریعے ہم اپنے ایمان پر قائم رہ سکیں گے اور روح کے پھل کے دوسرے پہلو بھی ظاہر کر سکیں گے۔‏—‏لو ۱۱:‏۱۳؛‏ گل ۵:‏۲۲،‏ ۲۳‏۔‏

شہر دوتین میں ہونے والے واقعے سے یہوواہ خدا اور اُس کے آسمانی لشکر پر اِلیشع کا ایمان اَور مضبوط ہو گیا۔‏ اِلیشع نبی سمجھ گئے کہ خدا نے اپنے فرشتوں کو اُن کی حفاظت کرنے کے لئے بھیجا ہے۔‏ یہوواہ خدا نے اُن کے دُشمنوں کو اندھا کر دیا اور اِلیشع اور اُن کے خادم کو بچا لیا۔‏ (‏۲-‏سلا ۶:‏۱۷-‏۲۳‏)‏ ہمیشہ کی طرح اِس مشکل وقت میں بھی اِلیشع کا ایمان نہ ڈگمگایا۔‏

آئیں،‏ اِلیشع کی طرح ہم بھی یہوواہ خدا پر بھروسا رکھیں۔‏ (‏امثا ۳:‏۵،‏ ۶‏)‏ یوں یہوواہ خدا ’‏ہم پر رحم کرے گا اور ہم کو برکت بخشے گا۔‏‘‏ (‏زبور ۶۷:‏۱‏)‏ یہ سچ ہے کہ ہماری حفاظت کرنے کے لئے آتشی گھوڑے اور آتشی رتھ تو نہیں آتے لیکن ”‏بڑی مصیبت“‏ کے دوران یہوواہ خدا اپنے بندوں کی حفاظت ضرور کرے گا۔‏ (‏متی ۲۴:‏۲۱؛‏ مکا ۷:‏۹،‏ ۱۴‏)‏ تب تک آپ کو چاہے جیسے بھی حالات سے گزرنا پڑے،‏ ہمیشہ یاد رکھیں کہ ”‏خدا ہماری پناہ‌گاہ ہے۔‏“‏—‏زبور ۶۲:‏۸‏۔‏

^ پیراگراف 16 ایلیاہ آسمان پر نہیں گئے تھے۔‏ آسمان پر یہوواہ خدا اور فرشتے رہتے ہیں۔‏ اِس سلسلے میں مزید معلومات کے لئے مینارِنگہبانی یکم اگست ۲۰۰۵ء،‏ صفحہ ۹ کو دیکھیں۔‏

^ پیراگراف 19 مینارِنگہبانی یکم اگست ۲۰۰۵ء،‏ صفحہ ۱۰ کو دیکھیں۔‏