مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

مُنادی کے کام میں اپنا جوش برقرار رکھیں

مُنادی کے کام میں اپنا جوش برقرار رکھیں

مُنادی کا کام آج دُنیا میں کسی بھی کام سے زیادہ اہم ہے۔‏ یہوواہ کے گواہوں کے طور پر ہم شاگرد بنانے کے کام میں حصہ لینے کو ایک بہت بڑا اعزاز خیال کرتے ہیں۔‏ لیکن ہم جانتے ہیں کہ مُنادی کے کام کے لیے اپنا جوش برقرار رکھنا ہم سب کے لیے کبھی کبھار مشکل ہو سکتا ہے،‏ چاہے ہم پہل‌کار ہوں یا مبشر۔‏

آپ مُنادی کے کام کے لیے اپنا جوش کیسے بڑھا سکتے ہیں؟‏

بعض مبشروں کو گھر گھر کی مُنادی کے دوران کم ہی لوگوں سے بات کرنے کا موقع ملتا ہے۔‏ یا تو لوگ گھر پر نہیں ہوتے یا پھر وہ ہمارا پیغام نہیں سننا چاہتے یہاں تک کہ کچھ لوگ ہمارے آنے پر غصے میں آ جاتے ہیں۔‏ کچھ علاقوں میں تو بہت سارے لوگ خوش‌خبری میں دلچسپی دِکھاتے ہیں لیکن مبشروں کی تعداد اِتنی کم ہے کہ اُنہیں لگتا ہے کہ وہ اِن سب لوگوں کی مدد نہیں کر سکتے ہیں۔‏ اِس کے علاوہ کچھ مبشر اِس لیے بےحوصلہ ہو گئے ہیں کیونکہ وہ کئی سالوں سے مُنادی کا کام کر رہے ہیں اور ابھی تک اِس دُنیا کا خاتمہ نہیں آیا ہے۔‏

کیا ہمیں اِس بات پر حیران ہونا چاہیے کہ خدا کے خادموں کو مُنادی کے کام میں اِتنی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے؟‏ نہیں۔‏ یہ دُنیا ”‏شریر [‏یعنی شیطان]‏ کے قبضہ میں پڑی ہوئی ہے۔‏“‏ (‏1-‏یوح 5:‏19‏)‏ ظاہری بات ہے کہ ایسی دُنیا میں رہتے ہوئے ہم یہ توقع نہیں کر سکتے کہ سچائی کا پیغام سنانا آسان ہوگا۔‏ اور اِس وجہ سے مُنادی کے کام کے لیے اپنا جوش برقرار رکھنا بھی مشکل ہو سکتا ہے۔‏

خوش‌خبری سنانے کے لیے ہمیں چاہے کسی بھی مشکل کا سامنا ہو،‏ ہم اِس بات پر پورا یقین رکھ سکتے ہیں کہ یہوواہ خدا ہمیں اِس سے نپٹنے کی طاقت دے گا۔‏ لیکن ہم مُنادی کے کام کے لیے اپنا جوش کیسے بڑھا سکتے ہیں؟‏ اِس سلسلے میں کچھ مشوروں پر غور کریں۔‏

نئے مبشروں کی مدد کریں

ہر سال ہزاروں لوگ اپنی زندگی یہوواہ خدا کے لیے وقف کرتے ہیں اور بپتسمہ لیتے ہیں۔‏ اگر آپ نے حال ہی میں بپتسمہ لیا ہے تو آپ اُن لوگوں سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں جو مُنادی کے کام میں زیادہ تجربہ رکھتے ہیں۔‏ اور اگر آپ کافی عرصے سے خوش‌خبری سنا رہے ہیں تو آپ کو نئے مبشروں کی تربیت کرکے بڑی خوشی مل سکتی ہے۔‏

یسوع مسیح جانتے تھے کہ اُن کے شاگردوں کو مُنادی کے کام میں تربیت کی ضرورت ہے تاکہ وہ اِسے مؤثر طریقے سے کر سکیں۔‏ اِس لیے اُنہوں نے اپنے شاگردوں کو دِکھایا کہ اُنہیں یہ کام کیسے کرنا چاہیے۔‏ (‏لو 8:‏1‏)‏ آج بھی نئے مبشروں کو تربیت کی ضرورت ہے تاکہ وہ مُنادی کے کام میں مہارت حاصل کر سکیں۔‏

ہمیں یہ نہیں سوچنا چاہیے کہ ایک نیا مبشر مُنادی کے کام میں محض حصہ لینے سے ہی تعلیم دینے میں ماہر بن جائے گا۔‏ اُسے ایسے لوگوں کی مدد کی ضرورت ہے جو اُسے پیارومحبت سے تربیت دے سکیں۔‏ ایک تجربہ‌کار مبشر اُسے یہ سکھا سکتا ہے کہ (‏1)‏ وہ پیشکش کی تیاری اور مشق کیسے کر سکتا ہے؛‏ (‏2)‏ بات‌چیت کیسے شروع کر سکتا ہے؛‏ (‏3)‏ کتابیں اور رسالے کیسے پیش کر سکتا ہے؛‏ (‏4)‏ دلچسپی دِکھانے والے لوگوں سے دوبارہ ملاقات کیسے کر سکتا ہے اور (‏5)‏ کسی کے ساتھ بائبل کا مطالعہ کیسے شروع کر سکتا ہے۔‏ جب نیا مبشر،‏ تجربہ‌کار مبشر کو یہ سب کرتے دیکھتا ہے اور پھر اُس کے طریقوں سے سیکھتا ہے تو وہ بھی مُنادی کے کام میں مہارت حاصل کرتا ہے۔‏ (‏لو 6:‏40‏)‏ نئے مبشر کو یہ جان کر حوصلہ ملتا ہے کہ اُس کے ساتھ کوئی ایسا تجربہ‌کار مبشر ہے جو ضرورت پڑنے پر اُس کی مدد کرے گا۔‏ جب نئے مبشر کی تعریف کی جاتی ہے اور اُسے کچھ مشورے دیے جاتے ہیں تو اُسے بڑا فائدہ ہوتا ہے۔‏—‏واعظ 4:‏9،‏ 10‏۔‏

اپنے ساتھی سے بات‌چیت کریں

شاید ہمیں کبھی کبھار مُنادی میں لوگوں سے بات کرنے کا موقع نہ ملے لیکن ہمیں اپنے ساتھ کام کرنے والے بہن یا بھائی کے ساتھ بات‌چیت کرنے سے خوشی ملتی ہے۔‏ یاد کریں کہ یسوع مسیح نے اپنے شاگردوں کو ”‏دو دو کرکے“‏ مُنادی کرنے کے لیے بھیجا۔‏ (‏لو 10:‏1‏)‏ مل کر کام کرنے سے وہ ایک دوسرے کا حوصلہ بڑھا سکتے تھے۔‏ لہٰذا جب ہم کسی بہن یا بھائی کے ساتھ مُنادی کرتے ہیں تو ہمیں ایک دوسرے کی حوصلہ‌افزائی کرنے کا موقع ملتا ہے۔‏—‏روم 1:‏12‏۔‏

آپ کس بارے میں بات کر سکتے ہیں؟‏ آپ ایک دوسرے کو کوئی ایسا تجربہ بتا سکتے ہیں جو آپ کو مُنادی کے کام میں ہوا ہے۔‏ اگر آپ نے خاندانی عبادت یا ذاتی مطالعے کے دوران کوئی دلچسپ بات سیکھی ہے تو آپ یہ بھی بتا سکتے ہیں۔‏ یا کوئی ایسی بات جو آپ نے اِجلاس میں سنی اور جس سے آپ کی حوصلہ‌افزائی ہوئی۔‏ اگر آپ ایک ایسے مبشر کے ساتھ کام کرتے ہیں جسے آپ اِتنا نہیں جانتے تو کیوں نہ اُس سے پوچھیں کہ وہ سچائی میں کیسے آیا؟‏ کس بات سے اُسے یقین ہو گیا کہ یہی یہوواہ کی تنظیم ہے؟‏ خدا کی خدمت میں اُسے کون سے شرف ملے ہیں اور کیا تجربے ہوئے ہیں؟‏ شاید آپ اُسے اپنا کوئی تجربہ بتا سکتے ہیں۔‏ چاہے مُنادی میں لوگ کیسا بھی ردِعمل دِکھائیں،‏ کسی بہن یا بھائی کے ساتھ کام کرنے سے ہم ”‏ایک دوسرے کی ترقی کا باعث“‏ بن سکتے ہیں۔‏—‏1-‏تھس 5:‏11‏۔‏

گہرا مطالعہ کرنے کی عادت ڈالیں

مُنادی کے کام میں اپنا جوش برقرار رکھنے کے  لیے  یہ  ضروری  ہے  کہ  ہم  گہرا مطالعہ کرنے کی عادت ڈالیں۔‏ ”‏دیانت‌دار اور عقل‌مند نوکر“‏ نے بےشمار موضوعات پر مضامین شائع کیے ہیں۔‏ (‏متی 24:‏45‏)‏ اِس لیے ہمیں روحانی خوراک کثرت سے مل سکتی ہے۔‏ کیوں نہ ذاتی مطالعے کے دوران اِس موضوع پر غور کریں:‏ مُنادی کا کام اِتنا اہم کیوں ہے؟‏ پچھلے صفحے پر دیے گئے بکس میں اِس کی کچھ وجوہات بیان کی گئی ہیں۔‏

اِن وجوہات پر غور کرنے سے آپ کو جوش سے مُنادی کرنے کی ترغیب ملے گی۔‏ کیوں نہ ذاتی مطالعے کے دوران کچھ اَور بھی وجوہات کی فہرست بنائیں اور پھر اُن پر سوچ بچار کریں؟‏ یوں مُنادی کے کام کے لیے آپ کا جوش اَور بڑھ جائے گا۔‏

مُنادی کے لیے تجاویز کو آزمائیں

یہوواہ کی تنظیم ہمیں مُنادی کے کام کے سلسلے میں طرح طرح کی تجاویز دیتی ہے۔‏ مثال کے طور پر ہمیں غیرمنظم گواہی دینے،‏ خط یا ٹیلیفون کے ذریعے،‏ عوامی جگہوں پر اور کاروباری علاقوں میں گواہی دینے کی حوصلہ‌افزائی دی گئی ہے۔‏ اِس کے علاوہ ہم شاید ایسے علاقوں میں گواہی دینے کا بھی سوچ سکتے ہیں جہاں کم ہی مُنادی کی جاتی ہے۔‏

کیا آپ اِن تجاویز کو آزمانے کے لیے تیار ہیں؟‏ اِن سے اکثر بہت اچھے نتیجے نکلے ہیں۔‏ ذرا اِن تین مثالوں پر غور کریں۔‏

ایپرل نامی ایک بہن نے بائبل کا مطالعہ شروع کرنے کے سلسلے میں ایک ایسی تجویز پر عمل کِیا جس کا ذکر بادشاہتی خدمتگزاری کے ایک مضمون میں ہوا تھا۔‏ اُنہوں نے اپنے ساتھ کام کرنے والے تین لوگوں کو بائبل کے مطالعے کی پیشکش کی۔‏ وہ بہت حیران ہوئیں کہ تینوں نے اِس پیشکش کو قبول کر لیا اور اِجلاسوں پر بھی آنے لگے۔‏

ہمیں یہ بھی تجویز دی گئی ہے کہ ہم اپنے رسالوں کے کچھ مخصوص مضامین ایسے لوگوں کو پیش کریں جو اِس موضوع میں دلچسپی رکھتے ہیں۔‏ امریکہ میں ایک سفری نگہبان نے کسی علاقے میں ٹائروں کی تمام دُکانوں کے منیجروں کو ٹائروں کے موضوع پر ایک مضمون پیش کِیا جو جاگو!‏ میں شائع ہوا تھا۔‏ وہ اپنی بیوی کے ساتھ اپنے حلقے میں 100 سے زیادہ ڈاکٹروں کے پاس بھی گیا اور اُنہیں ایک ایسا مضمون پیش کِیا جو ڈاکٹروں اور مریضوں کے تعلقات کے بارے میں تھا۔‏ وہ کہتا ہے:‏ ”‏اِس طرح ہمیں لوگوں کو اپنے کام اور اپنے رسالوں سے واقف کرانے کا موقع ملا۔‏ اُن کے ساتھ جان پہچان بڑھانے کے بعد ہم باربار اُن کے پاس جا سکے۔‏“‏

جوڈی نامی ایک بہن نے ہمارے مرکزی دفتر کو ایک خط لکھا جس  میں اُنہوں نے ٹیلیفون کے ذریعے گواہی دینے کی تجویز کے لیے شکرگزاری ظاہر کی۔‏ اُنہوں نے بتایا کہ اُن کی امی جن کی عمر 86 سال ہے اور جن کی صحت ٹھیک نہیں،‏ وہ باقاعدگی سے اِس طریقے سے لوگوں کو گواہی دیتی ہیں۔‏ وہ ایک 92 سالہ عورت کے ساتھ فون پر بائبل کا مطالعہ کر رہی ہیں۔‏

ہماری تنظیم گواہی دینے کے سلسلے میں جو تجاویز دیتی ہے،‏ وہ واقعی کام آتی ہیں۔‏ اگر آپ اِن پر عمل کریں گے تو مُنادی کے کام میں آپ کی خوشی اور آپ کا جوش برقرار رہے گا۔‏

ایسے منصوبے بنائیں جنہیں آپ پورا کر سکیں

مُنادی کے کام میں ہماری کامیابی کا اندازہ اِس بات سے نہیں لگایا جا سکتا کہ ہم لوگوں کو کتنی کتابیں اور رسالے دیتے ہیں،‏ ہم کتنے لوگوں کے ساتھ بائبل کا مطالعہ کرتے ہیں یا ہم کتنے لوگوں کو سچائی میں لاتے ہیں۔‏ ذرا سوچیں کہ نوح نے کتنے لوگوں میں مُنادی کی لیکن اُن کے گھر والوں کے علاوہ کوئی بھی اُن کے ساتھ کشتی میں نہیں گیا۔‏ پھر بھی نوح نے جو مُنادی کی،‏ وہ یہوواہ خدا کی نظر میں فضول نہیں گئی۔‏ واقعی یہوواہ کے نزدیک یہ بات اہم ہے کہ ہم وفاداری سے یہ کام کرتے رہیں۔‏

بہت سے مبشروں نے دیکھا ہے کہ مُنادی کے کام  میں  اپنے  جوش  کو  برقرار رکھنے کے لیے ایسے منصوبے بنانا فائدہ‌مند ہے جنہیں پورا کرنا اُن کے بس میں ہے۔‏ یہ کیسے منصوبے ہو سکتے ہیں؟‏ ساتھ دیے گئے بکس میں کچھ تجاویز دی گئی ہیں۔‏

یہوواہ خدا سے مدد مانگیں کہ وہ آپ کو مُنادی کے کام کو زیادہ مؤثر بنانے کے طریقے دِکھائے۔‏ اپنے منصوبے پورے کرنے سے آپ کو خوشی ملے گی اور یہ اِطمینان ہوگا کہ آپ مُنادی کا کام کرنے کے لیے اپنی طرف سے پوری کوشش کر رہے ہیں۔‏

سچ ہے کہ خوش‌خبری سنانے کا کام آسان نہیں۔‏ لیکن آپ اِس کے لیے اپنا جوش برقرار رکھنے کے لیے کچھ قدم اُٹھا سکتے ہیں۔‏ مُنادی کے دوران اپنے ساتھ کام کرنے والی بہن یا بھائی سے بات‌چیت کریں اور یوں ایک دوسرے کا حوصلہ بڑھائیں۔‏ خدا کے کلام کا گہرا مطالعہ کرنے کی عادت ڈالیں اور دیانت‌دار نوکر کی تجاویز پر عمل کریں۔‏ اِس کے علاوہ ایسے منصوبے بنائیں جنہیں پورا کرنا آپ کے بس میں ہے۔‏ سب سے بڑھ کر یہ یاد رکھیں کہ خدا نے آپ کو اپنا گواہ ہونے کا اعزاز بخشا ہے۔‏ (‏یسع 43:‏10‏)‏ لہٰذا جوش سے مُنادی کا کام کرتے رہیں اور بےشمار خوشیاں پائیں۔‏