مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

کیا بائبل کو سمجھنا ممکن ہے؟‏

کیا بائبل کو سمجھنا ممکن ہے؟‏

کیا بائبل کو سمجھنا ممکن ہے؟‏

‏”‏ہمارا خاندان ہر اتوار کو بائبل پڑھتا تھا۔‏ مگر مجھے ایسا کرنا اچھا نہیں لگتا تھا۔‏ مجھے یقین تھا کہ بائبل خدا کا کلام ہے لیکن جو کچھ مَیں اِس میں سے پڑھتا تھا اُسے سمجھنا میرے لئے بہت مشکل تھا۔‏“‏—‏سٹیون،‏ برطانیہ۔‏

‏”‏جب مَیں ۱۷ سال کی تھی تو مَیں نے بائبل پڑھنے کی کوشش کی۔‏ مگر اِسے سمجھنا مجھے اِتنا مشکل لگا کہ مَیں نے اِسے پڑھنا چھوڑ دیا۔‏“‏—‏ویلوانارا،‏ سپین۔‏

‏”‏مَیں نے ایک دفعہ پوری بائبل پڑھی کیونکہ میرا خیال تھا کہ بطور ایک کیتھولک مجھے بائبل پڑھنی چاہئے۔‏ بائبل کو ختم کرنے میں مجھے تین سال لگے۔‏ لیکن مَیں اِس کے بہت کم حصوں کو سمجھ پائی۔‏“‏—‏جیو-‏آن،‏ آسٹریلیا۔‏

بائبل آج بھی پوری دُنیا میں سب سے زیادہ مشہور اور فروخت ہونے والی کتاب ہے۔‏ یہ بہت سی زبانوں میں نہ صرف جِلدی شکل میں بلکہ آڈیو کیسٹ،‏ سی‌ڈی اور ڈی‌وی‌ڈی پر بھی دستیاب ہے۔‏ اِس لئے بہت سے لوگ آسانی سے اِسے حاصل کر سکتے ہیں۔‏ تاہم،‏ بیشتر اِسے سمجھنا مشکل پاتے ہیں۔‏ کیا آپ بھی ایسا ہی محسوس کرتے ہیں؟‏

کیا خدا چاہتا ہے کہ ہم اُس کے کلام کو سمجھیں؟‏

بائبل بیان کرتی ہے:‏ ”‏ہر ایک صحیفہ .‏ .‏ .‏ خدا کے الہام سے ہے۔‏“‏ (‏۲-‏تیمتھیس ۳:‏۱۶‏)‏ جی ہاں،‏ یہوواہ خدا بائبل کا مصنف ہے۔‏ کیا وہ چاہتا ہے کہ ہم اُس کے کلام کو سمجھیں؟‏ یاپھر کیا اُس نے جان‌بوجھ کر زیادہ‌تر لوگوں کے لئے بائبل کو سمجھنا مشکل بنا دیا ہے اور محض چند لوگوں جیسے کہ پادریوں اور بائبل کے عالموں کو اِسے سمجھنے کا شرف دیا ہے؟‏

بائبل میں درج اِن آیات پر غور کریں:‏

‏”‏وہ حکم جو آج کے دن مَیں تجھ کو دیتا ہوں تیرے لئے بہت مشکل نہیں اور نہ وہ دُور ہے۔‏“‏—‏استثنا ۳۰:‏۱۱‏۔‏

‏”‏تیرے کلام کی تشریح نُور بخشتی ہے؛‏ اور سادہ‌لوحوں کو سمجھ عطا کرتی ہے۔‏“‏—‏زبور ۱۱۹:‏۱۳۰‏،‏ نیو اُردو بائبل ورشن۔‏

‏”‏اُسی گھڑی [‏یسوع]‏ روحُ‌القدس سے خوشی میں بھر گیا اور کہنے لگا اَے باپ آسمان اور زمین کے خداوند!‏ مَیں تیری حمد کرتا ہوں کہ تُو نے یہ باتیں داناؤں اور عقلمندوں سے چھپائیں اور بچوں پر ظاہر کیں۔‏“‏—‏لوقا ۱۰:‏۲۱‏۔‏

جی‌ہاں،‏ بائبل کا مصنف چاہتا ہے کہ آپ اُس کے کلام کو سمجھیں!‏ تاہم،‏ یہ حقیقت اپنی جگہ ہے کہ بہت سے خلوص‌دل لوگ بائبل میں درج باتوں کو سمجھنا مشکل پاتے ہیں۔‏ آپ اِن باتوں کو سمجھنے کے قابل کیسے ہو سکتے ہیں؟‏ اگلے مضامین میں تین تجاویز دی گئی ہیں جو بائبل کو سمجھنے میں آپ کی مدد کر سکتی ہیں۔‏