مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

مال‌ودولت سے نہیں بلکہ انسانوں سے پیار کریں

مال‌ودولت سے نہیں بلکہ انسانوں سے پیار کریں

پہلا مشورہ

مال‌ودولت سے نہیں بلکہ انسانوں سے پیار کریں

خدا کے کلام کی تعلیم یہ ہے:‏ ‏”‏زر کی دوستی ہر قسم کی بُرائی کی جڑ ہے۔‏“‏—‏۱-‏تیمتھیس ۶:‏۱۰‏۔‏

اِس مشورے پر عمل کرنا مشکل کیوں ہے؟‏ اشتہار بنانے والے ہمیں یہ سوچنے پر مجبور کرتے ہیں کہ ہمارے پاس جو بھی ہے،‏ کم ہے۔‏ وہ چاہتے ہیں کہ ہم پیسہ بٹورنے میں لگے رہیں تاکہ اچھی اور نئی‌نئی چیزیں خریدتے رہیں۔‏ دولت میں بہت کشش ہے۔‏ ایک بار جب کسی پر دولت کا جنون سوار ہو جائے تو اِسے اُتارنا مشکل ہو جاتا ہے۔‏ تاہم خدا کا کلام خبردار کرتا ہے کہ جو دولت سے محبت کرتا ہے وہ کبھی بھی خوش اور مطمئن نہیں رہ سکتا۔‏ اِس سلسلے میں بادشاہ سلیمان نے لکھا:‏ ”‏جو کوئی روپےپیسے سے پیار کرتا ہے،‏ اُس کے دل میں روپےپیسے کی چاہت اَور بڑھتی جاتی ہے؛‏ جو کوئی دولت سے پیار کرتا ہے وہ اُس میں اضافہ سے بھی سیر نہیں ہوتا۔‏“‏—‏واعظ ۵:‏۱۰‏،‏ نیو اُردو بائبل ورشن۔‏

آپ کیا کر سکتے ہیں؟‏ یسوع مسیح کی مثال پر عمل کرتے ہوئے مال‌ودولت کی بجائے انسانوں سے محبت کرنا سیکھیں۔‏ یسوع مسیح کو انسانوں سے اتنی محبت تھی کہ وہ اُن کے لئے اپنا سب کچھ،‏ یہاں تک کہ اپنی جان بھی قربان کرنے کے لئے تیار تھا۔‏ (‏یوحنا ۱۵:‏۱۳‏)‏ یسوع مسیح نے کہا:‏ ”‏دینا لینے سے مبارک ہے۔‏“‏ (‏اعمال ۲۰:‏۳۵‏)‏ اگر آپ دوسروں کو اپنا وقت دیتے ہیں اور ضرورت میں اُن کی مدد کرتے ہیں تو پھر یقیناً وہ بھی آپ کا خیال رکھیں گے۔‏ یسوع مسیح نے کہا تھا کہ ”‏دیا کرو۔‏ تمہیں بھی دیا جائے گا۔‏“‏ (‏لوقا ۶:‏۳۸‏)‏ مال‌ودولت کے پیچھے بھاگنے والے لوگوں کو بہت سے مسائل اور تکلیفوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔‏ (‏۱-‏تیمتھیس ۶:‏۹،‏ ۱۰‏)‏ لیکن جب ہم مال‌ودولت کی بجائے انسانوں سے پیار کرتے ہیں اور بدلے میں وہ بھی ہم سے پیار کرتے ہیں تو ہر حال میں ہماری خوشی برقرار رہتی ہے۔‏

لہٰذا اپنی زندگی سادہ طریقے سے گزارنے کے بارے میں سوچیں۔‏ غیرضروری چیزوں کو اپنے گھر سے نکال دیں۔‏ نیز اگر آپ ایسی کوئی چیز خریدنا چاہتے ہیں تو اُسے خریدنے کا ارادہ ترک کر دیں۔‏ ایسا کرنے سے آپ کے پاس زیادہ وقت اور توانائی ہوگی جسے آپ لوگوں کی مدد کے لئے استعمال کر سکیں گے۔‏ آپ خدا کی زیادہ خدمت کرنے کے قابل بھی ہوں گے جس نے آپ کو بہت سی نعمتیں اور برکتیں عطا کی ہیں۔‏—‏متی ۶:‏۲۴؛‏ اعمال ۱۷:‏۲۸‏۔‏

‏[‏صفحہ ۴ پر تصویر]‏

‏”‏دیا کرو۔‏ تمہیں بھی دیا جائے گا“‏