کیا آپ ہمیشہ تک زندہ رہ سکتے ہیں؟
پاک صحیفوں کی تعلیم
کیا آپ ہمیشہ تک زندہ رہ سکتے ہیں؟
اِس مضمون میں ایسے سوالوں پر غور کِیا گیا ہے جن کے بارے میں لوگ اکثر سوچتے ہیں۔ اِس میں یہ بھی واضح کِیا گیا ہے کہ آپ پاک صحیفوں میں اِن سوالوں کے جواب کہاں سے حاصل کر سکتے ہیں۔ یہوواہ کے گواہ خوشی سے آپ کی مدد کریں گے تاکہ آپ اپنے سوالوں کے جواب حاصل کر سکیں۔
۱. انسان کو اپنی زندگی اِتنی کم کیوں لگتی ہے؟
بعض کچھوے ۱۵۰ سال تک زندہ رہتے ہیں اور کچھ درخت ۳۰۰۰ سال کی عمر پاتے ہیں۔ اِن کے مقابلے میں انسان کی زندگی بہت ہی کم ہے۔ لیکن ہماری زندگی ایک کچھوے یا درخت کی زندگی سے کہیں زیادہ بامقصد ہو سکتی ہے۔ یہوواہ خدا نے انسانوں کو یہ صلاحیت دی ہے کہ وہ موسیقی، کھیل اور کھانے پینے کی چیزوں سے لطف اُٹھائیں۔ اِس کے علاوہ انسانوں میں یہ صلاحیت بھی ہے کہ وہ نئی نئی باتیں سیکھیں، خوبصورت جگہوں کی سیر کریں اور دوسرے انسانوں کے ساتھ دوستی کریں۔ خدا نے ہی ہمارے دل میں ہمیشہ تک زندہ رہنے کی خواہش رکھی ہے۔—واعظ ۳:۱۱ کو پڑھیں۔
۲. کیا یہ ممکن ہے کہ انسان ہمیشہ تک زندہ رہیں؟
جیہاں۔ اِس کی دو وجوہات ہیں۔ پہلی وجہ یہ ہے کہ خدا کبھی مر نہیں سکتا۔ وہ زندگی کا خالق ہے اور انسانوں کو ہمیشہ کی زندگی دے سکتا ہے۔ (زبور ۳۶:۹؛ ۱۰۲:۱۲) دوسری وجہ یہ کہ خدا نے وعدہ کِیا ہے کہ وہ اُن لوگوں کو ہمیشہ کی زندگی دے گا جو اُس کے حکموں پر چلتے ہیں۔ وہ انسانوں کو بڑھاپے، بیماری اور موت سے نجات دے گا۔—ایوب ۳۳:۲۴، ۲۵؛ یسعیاہ ۲۵:۸؛ ۳۳:۲۴ کو پڑھیں۔
جب یسوع مسیح زمین پر تھے تو اُنہوں نے بہت سے معجزے کئے تھے۔ اُنہوں نے لوگوں کو طرحطرح کی بیماریوں سے شفا دی، یہاں تک کہ مُردوں کو بھی زندہ کِیا۔ اِن معجزوں پر غور کرنے سے اِس بات پر ہمارا ایمان مضبوط ہوگا کہ خدا ہمیں ہمیشہ کی زندگی اور اچھی صحت دے گا۔—لوقا ۷:۱۱-۱۵، ۱۸، ۱۹، ۲۲ کو پڑھیں۔
۳. انسانوں کو ہمیشہ کی زندگی کب ملے گی؟
خدا چاہتا ہے کہ ہم ہمیشہ تک زندہ رہیں مگر ظلم سے بھری اِس دُنیا میں نہیں بلکہ زمین پر فردوس میں۔ وہ چاہتا ہے کہ ہم ہر طرح کے خوف سے آزاد ہو کر زندگی گزاریں۔ (زبور ۳۷:۹، ۲۹؛ یسعیاہ ۶۵:۲۱، ۲۲) جب یہ زمین فردوس بن جائے گی تو پھر خدا لاکھوں مُردوں کو بھی زندہ کرے گا۔ اِن میں سے جو لوگ خدا کی عبادت کرتے رہیں گے، اُنہیں ہمیشہ کی زندگی ملے گی۔—لوقا ۲۳:۴۲، ۴۳؛ یوحنا ۵:۲۸، ۲۹ کو پڑھیں۔
۴. ہمیشہ کی زندگی پانے کے لئے ہم کیا کر سکتے ہیں؟
اِس کے لئے ضروری ہے کہ ہم خدا کے بارے میں سیکھیں اور اُس کی قربت حاصل کریں کیونکہ صرف وہی ہمیں ہمیشہ کی زندگی دے سکتا ہے۔ بائبل میں بتایا گیا ہے کہ جس طرح کھانا کھانا ضروری ہے اُسی طرح خدا کے بارے میں سیکھنا بھی ضروری ہے۔ (متی ۴:۴) جب ہم کھانا کھاتے ہیں تو ہمیں بہت مزہ آتا ہے۔ لیکن کھانا تیار کرنے کے لئے بہت محنت کرنی پڑتی ہے۔ اِسی طرح خدا کے بارے میں جاننے کے لئے بھی محنت کرنی پڑتی ہے۔ لیکن خدا کی قربت اور ہمیشہ کی زندگی اِتنی بڑی برکت ہے کہ اِسے پانے کے لئے ہمیں ہر ممکن کوشش کرنی چاہئے۔—لوقا ۱۳:۲۳، ۲۴؛ یوحنا ۶:۲۷؛ ۱۷:۳ کو پڑھیں۔
مزید معلومات کے لئے کتاب پاک صحائف کی تعلیم حاصل کریں کے باب نمبر ۳ کو دیکھیں۔ یہ کتاب یہوواہ کے گواہوں نے شائع کی ہے۔
[صفحہ ۱۴ پر تصویر]
خدا کی قربت حاصل کرنے کے لئے کوشش کرنی پڑتی ہے۔