باب 11
ہم بڑے اجتماعوں پر کیوں جاتے ہیں؟
یہ لوگ اِتنے خوش کیوں نظر آ رہے ہیں؟ کیونکہ وہ ہمارے ایک اجتماع میں شامل ہیں۔ قدیم زمانے میں خدا کے خادم سال میں تین دفعہ بڑے اجتماعوں کے لئے جمع ہوتے تھے۔ اِسی طرح ہم بھی کئی موقعوں پر بڑے بڑے گروہوں میں جمع ہوتے ہیں۔ (استثنا 16:16) ہر سال ہمارے تین بڑے اجتماع ہوتے ہیں: دو حلقے کے اجتماع جو ایک ایک دن کے ہوتے ہیں اور ایک علاقائی اجتماع جو تین دن کا ہوتا ہے۔ ہمیں اِن اجتماعوں سے کیا فائدہ ہوتا ہے؟
ہمارا بھائیچارہ مضبوط ہوتا ہے۔ جب بنیاسرائیل ”جماعت میں اپنے سارے دل سے [یہوواہ] کا شکر“ کرتے تھے تو اُنہیں بڑی خوشی ملتی تھی۔ اِسی طرح جب ہم خاص موقعوں پر خدا کی عبادت کے لئے جمع ہوتے ہیں تو ہم بھی بہت خوش ہوتے ہیں۔ (زبور 26:12؛ 111:1) اِن موقعوں پر ہم دوسری کلیسیاؤں کے بہنبھائیوں اور کبھیکبھی تو دوسرے ملکوں کے بہنبھائیوں سے ملتے ہیں۔ سب لوگ اپنے لئے کھانا لاتے ہیں اور دوپہر کے وقفے کے دوران مل کر کھاتے ہیں۔ اِس طرح ہمیں نئے نئے دوست بنانے کا موقع ملتا ہے۔ (اعمال 2:42) بڑے اجتماعوں پر ہم اپنی آنکھوں سے دیکھتے ہیں کہ پوری دُنیا میں ہمارے بہنبھائیوں میں کتنی محبت اور اتحاد پایا جاتا ہے۔—1-پطرس 2:17۔
ہمارا ایمان مضبوط ہوتا ہے۔ جب بنیاسرائیل کے اجتماعوں پر پاک صحیفوں کی وضاحت کی گئی تو ”وہ اُن باتوں کو جو اُن کے آگے پڑھی گئیں سمجھے۔“ (نحمیاہ 8:8، 12) ہم بھی اُس تعلیم کی بڑی قدر کرتے ہیں جو اجتماعوں پر خدا کے کلام سے دی جاتی ہے۔ اجتماع کا موضوع بائبل سے لیا جاتا ہے۔ دلچسپ تقریریں پیش کی جاتی ہیں اور یہ دِکھایا جاتا ہے کہ ہم مختلف صورتحال میں خدا کی مرضی پر کیسے عمل کر سکتے ہیں۔ ایسے لوگوں کے انٹرویو بھی لئے جاتے ہیں جو اِس مشکل دَور میں خدا کی مرضی پر چلتے ہیں۔ اُن کی باتوں کو سُن کر ہماری بھی ہمت بڑھتی ہے۔ علاقائی اجتماع پر ڈرامے بھی پیش کئے جاتے ہیں جن میں کوئی ایسا واقعہ دِکھایا جاتا ہے جس کا بائبل میں ذکر ہوا ہے۔ یوں ہم اپنے ذہن میں اُس واقعے کی تصویر بنا سکتے ہیں اور اِس سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔ ہر اجتماع پر ایسے لوگوں کو بپتسمہ دیا جاتا ہے جو اِس بات کا اقرار کرنا چاہتے ہیں کہ اُنہوں نے خود کو خدا کے لئے وقف کِیا ہے۔
-
ہمارے اجتماع خوشی کے موقعے کیوں ہوتے ہیں؟
-
آپ کو ہمارے کسی اجتماع پر آنے سے کیا فائدہ ہوگا؟