قیدیوں کی مثال نے اُس کے دل کو چُھو لیا
ایک آدمی 2011ء میں ایریٹریا سے پناہگزین کے طور پر ناروے آیا۔ جب یہوواہ کے گواہوں کی اُس سے ملاقات ہوئی تو اُس نے اُنہیں بتایا کہ وہ اپنے ملک میں گواہوں سے ملا تھا۔ اُس نے اُن سے کہا کہ جب وہ فوج میں تھا تو اُس نے کچھ گواہوں کو جیل میں دیکھا تھا جو اپنے ایمان کی وجہ سے قید تھے۔ اُن گواہوں نے تب بھی فوج میں بھرتی ہونے سے اِنکار کر دیا جب اُن کے ساتھ بُرا سلوک کِیا گیا۔
لیکن پھر اچانک اُس آدمی کی زندگی میں کچھ ایسا ہوا جس کی وجہ سے اُسے گِرفتار کر کے جیل میں ڈال دیا گیا۔ وہاں تین گواہ بھی تھے جن کے نام پاؤلُس ایاسو، آئزیک موگوس اور نیگیڈے تکلےمریم تھے۔ یہ تینوں اپنے ایمان کی وجہ 1994ء سے وہاں قید تھے۔
جیل میں اُس آدمی نے دیکھا کہ یہوواہ کے گواہ اُن باتوں پر عمل کرتے ہیں جو وہ دوسروں کو سکھاتے ہیں۔ اُس نے غور کِیا کہ گواہ کتنے ایماندار ہیں اور وہ تو اپنا کھانا تک دوسروں کے ساتھ بانٹتے ہیں۔ اُس نے یہ بھی دیکھا کہ وہ گواہ ہر روز مل کر بائبل کا مطالعہ کرتے تھے اور دوسروں کو بھی اپنے ساتھ مطالعہ کرنے کی دعوت دیتے تھے۔ اور جب اُن گواہوں کو یہ موقع دیا گیا کہ وہ ایک دستاویز پر دستخط کر کے اپنے ایمان سے اِنکار کر دیں اور رِہا ہو جائیں تو اُنہوں نے ایسا کرنے سے صاف منع کر دیا۔
اِن گواہوں کی مثال نے اُس آدمی کے دل پر گہرا اثر کِیا۔ پھر جب وہ ناروے آ کر بس گیا تو وہ یہ جاننا چاہتا تھا کہ یہوواہ کے گواہوں کا ایمان اِتنا مضبوط کیوں ہے۔ اِس لیے جب اُس کی ملاقات گواہوں سے ہوئی تو اُس نے فوراً اُن سے بائبل کورس کرنا شروع کر دیا اور اُن کے اِجلاسوں پر جانے لگا۔
ستمبر 2018ء میں اُس نے یہوواہ کے ایک گواہ کے طور پر بپتسمہ لے لیا۔ اور اب وہ اُن لوگوں کو گواہی دینے کے ہر موقعے سے فائدہ اُٹھاتا ہے جو ایریٹریا اور سوڈان سے آ کر ناروے رہ رہے ہیں۔ وہ اُن کی حوصلہافزائی کرتا ہے کہ وہ بائبل کورس کریں تاکہ وہ خدا پر اپنے ایمان کو مضبوط کر سکیں۔